کاروار یکم جولائی (ایس اؤنیوز) مریضوں کی دیکھ ریکھ، بیماروں کاعلاج ڈاکٹروں کا فرض ہے ، مریض کی خوشی میں ہی انہیں اطمینان ملتاہے، ڈاکٹروں کی سماجی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی تہنیت کرنا ، اعزاز دینا نیک کام ہونے کے علاوہ انہیں اور دوسروں کو مزید اس میدان میں کام کے لئے ترغیب دینے کا باعث ہو نے کا ضلع محکمہ صحت عامہ کے کارگزار فلاحی آفیسر ڈاکٹر شنکر راؤ نے خیال ظاہر کیا۔ وہ یہاں آزاد یوتھ کلب کاروار اور کلو ر ایجوکیشن ٹرسٹ کاروار کے اشتراک سے قومی یوم طبیب کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں ڈاکٹر سریندر ساونت کی تہنیت کرنے کے بعد مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔
پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر سریش بھٹ نے نیک تمنا کا اظہار کیا۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سےقومی اور راجیوتسوایوارڈیافتہ نذیر احمد شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر مریضوں کو دوبارہ زندگی عطاکرنے والے وسائل ہیں، ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی تہنیت کئے جانے پر اداروں کا شکریہ اداکیا۔ اس موقع پر پچھلے 43سالوں سے مریضوں کی بے لوث خدمت کرنے والے ڈاکٹر سریندر وٹھل ساونت کو شال پہنا کر سند عطا کرتے ہوئے ان کی تہنیت کی گئی ۔ تہنیت قبول کرنے کے بعد انہوں نے کہاکہ مریضوں کی صحت ہی ہماری ہمیشہ کی جائیداد ہے ، طبی تجربے نے مجھے اطمینان کی زندگی عطاکی ہے ۔
ابتداء میں بھارتیہ ریڈ کراس کے ممبر فیروزہ بیگم شیخ نے میڈیکل ڈے کے متعلق افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے استقبال کیا۔ کلور ایجوکیشن ٹرسٹ کے صدر ابراہیم کلو ر نے شکریہ اداکیا۔ اس موقع پر آزاد کلب کے صدر محمد حسن شیخ، منجوناتھ پوار، سلیم شیخ، لکشمی ساونت موجود تھے۔ کلب کے سکریٹری محمد عثمان شیخ اور نوتن جین نے نظامت کی۔